عمران خان جن سے ملنا چاہتے ہیں وہ عمران سے ملنا نہیں چاہتے،رانا ثناء اللہ

0
212

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان سیاستدانوں سے نہیں کسی اور سے ملنا چاہتے ہیں۔ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان آمادہ ہوں تو ان سے بات ہوسکتی ہے لیکن عمران خان سیاست دانوں سے نہیں کسی اور سے ملنا چاہتے ہیں اور عمران خان جن سے ملنا چاہتے ہیں وہ عمران خان سے ملنا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کوئی پوچھے کہ وہ ان سے کیوں ملنا چاہتے ہیں، اگر عمران خان ملنا ہی چاہتے ہیں تو انہیں یہ کہنا چاہیے کہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے یا آصف زرداری سے ملنا چاہتا ہوں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صوبوں کے الگ الگ الیکشن ملک کو لے ڈوبیں گے، اس وقت مردم شماری جاری ہے، اگر 30 مارچ تک مردم شماری کا عمل مکمل ہوگیا اور نوٹیفائی ہوگیا تو اس کے بعد آئین کے مطابق الیکشن اگلے چار ماہ سے پہلے نہیں کروا سکتے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہاکہ عمران خان پکڑا جاتا ہے تو نشے اور پلستر کا بھی ٹیسٹ کرائیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کا کیس بڑا کلیئر ہے، یہ پیش ہو اگرعدالت بری کرتی ہے تو فیصلہ قبول کریں گے، اسے عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں اس کے مقدمات کا فیصلہ عدالتوں میں ہو۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ یہ پیش ہو جائے تو بہتر ہے، ان کیسز میں عمران خان کا نااہل ہونا صاف نظر آ رہا ہے، یا تو یہ پیش ہوگا ورنہ گرفتار کر کے پیش کیا جائیگا۔