23 مارچ یوم پاکستان بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

0
187

اسلام آباد (این این آئی)23 مارچ قراردادِ پاکستان پیش کیے جانے کے 83 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ترقی، خوشحالی اور ملک کے مضبوط دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کے ساتھ یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا تاہم ایوانِ صدر میں ہونے والی روایتی فوجی پریڈ اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث ملتوی کر دی گئی ۔ جمعرات کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث ایوانِ صدر میں ہونے والی یومِ پاکستان کی پریڈ ملتوی کردی گئی۔ ایوانِ صدر کے مطابق یومِ پاکستان کی ملتوی ہونے والی پریڈ اب25 مارچ کو ہوگی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں سال یومِ پاکستان کے موقع پر پاک فوج کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں روایتی پریڈ شکر پڑیاں کے بجائے ایوان صدر میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پریڈ محدود پیمانے پر کروانے کا فیصلہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیا گیا ، تاہم جمعرات کی صبح اسلام آباد میں بارش اورخراب موسم کے باعث ایوانِ صدر میں ہونے والی یومِ پاکستان کی پریڈ ملتوی کی گئی جو اب 25 مارچ بروز ہفتہ ہوگی۔