عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کی توہین کی،پی ٹی آئی چیف کیساتھ عام شہری جیسا سلوک ہونا چاہیے،مریم اور نگزیب

0
157

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ عدلیہ کی توہین کی، کبھی قانون کی پاسداری نہیں کی، وہ سمجھتا ہے کوئی اسے پوچھ نہیں سکتا، عمران خان کی گرفتاری قانون کے مطابق تھی، ان کے ساتھ عام شہری جیسا سلوک ہونا چاہیے۔ غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پر کرپشن کے الزامات تھے، ان کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ گرفتاری نیب نے کی اور قانون کے مطابق تھی۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتے، عمران خان کو گرفتار یا خاموش کرنا ہوتا تو ہم 14 ماہ انتظار نہ کرتے۔ عمران خان کی نااہلی سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم عمران خان کو نااہل کیوں کرانا چاہیں گے؟ کوئی بھی جمہوری حکومت ایسا کیوں کریگی؟ البتہ عمران خان نے اپنے دور میں سیاسی رہنمائوں کو گرفتار کیا، جیلوں میں ڈالا اور ان کی آواز بند کرنے کی کوشش کی۔ ایک سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتی حکم جاری ہونے کے بعد یہ ان کا آئینی حق ہے کہ وہ اس آرڈر کا جائزہ لیں یا اس پر بات کریں۔ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ تین روز کے دوران کوئی پرامن شہری سڑکوں پر نہیں تھا، صرف مسلح جتھے اور دہشت گرد موجود تھے جنہوں نے ریاستی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا۔