اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کو خط لکھ دیا جس میں چیئر مین پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ توشہ خانے کی تحقیقات سے متعلق میں پیر کو نیب آفس میں پیش نہیں ہو سکتا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے خط میںکہا کہ میری جان کو خطرات لاحق ہیں جس کے باعث انکوائری رپورٹ لینے نیب کے دفتر نہیں آ سکتا۔خط میں انہوں نے کہا کہ میں نے لاہور سے اسلام آباد آمد و رفت کو آج کل محدود کر رکھا ہے، 19 جولائی کو مختلف عدالتوں میں پیش ہونے اسلام آباد آئوں گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے خط کے ذریعے نیب سے استدعا کی ہے کہ توشہ خانے کی تحقیقات سے متعلق شاملِ تفتیش ہونے کی تاریخ 19 جولائی مقرر کر دیں۔خط میں انہوں نے کہا کہ نیب آرڈیننس کے مطابق انکوائری رپورٹ ملزم کی جانب سے وصول کرنا ضروری نہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے خط میں کہا کہ میرے وکیل گوہر علی خان کو انکوائری رپورٹ لینے کی اجازت دی جائے۔خط میں چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ 190 ملین پائونڈ اسکینڈل کیس کی رپورٹ بھی میرے وکیل نے نیب سے لی تھی جو میں چھوڑ آیا تھا۔