اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے آسٹریلیا کے پاکستان میں سفیر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، معاشی استحکام، فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔آسٹریلیا کے سفیر نے موجودہ حکومت کے ملکی معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کاوشوں کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت نے ملکی معیشت کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بارے میں بھی آسٹریلیا کے سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ یہ کونسل معاشی بحالی کیلئے پالیسی کی پیشنگوئی، تسلسل اور موثر نفاذ کو یقینی بنائے گی، ایس آئی ایف سی فیصلہ سازی کے اعلیٰ فورم پر کام کرے گی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پہلے ہفتہ کے دوران آزادی اظہار رائے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل منظوری کے مراحل میں ہے، رواں برس بجٹ میں صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پہلی مرتبہ فلم انڈسٹری کے لئے بجٹ مختص کیا گیا ہے، سکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستانی ثقافت، تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے آسٹریلیا کے سفیر کو نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے، نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے لئے حال ہی میں 25 ہائی اچیورز آسٹریلیا روانہ ہوئے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے 2 ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا، فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی گئی ہیں، حکومت فلم، ڈاکومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔مریم اور نگزیب نے کہاکہ آسٹریلیا کا میڈیا پاکستان کے حالات کو معروضی اور غیر جانبدارانہ انداز میں رپورٹ کرتا ہے جو لائق تحسین ہے،پاکستان میں پیمرا کے قانون کو بدلا جا رہا ہے، پیمرا اتھارٹی میں صحافتی تنظیموں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ آسٹریلوی سفیر نے کہاکہ آسٹریلیا کی کمپنی ریکوڈک منصوبہ پر بلوچستان میں کام کر رہی ہے، ریکوڈک منصوبہ بلاشبہ پاکستان کی ترقی کا دروازہ کھولے گا۔آسٹریلیا کے سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات کی فلم اینڈ کلچر اور ملک میں آزادی اظہار رائے کے فروغ کے لئے کوششوں کو سراہا۔