(ن)لیگ کے انتخابی منشور تیاری کے آخری مرحلے میں ہے ،مریم اور نگزیب

0
243

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ (ن)لیگ کے انتخابی منشور تیاری کے آخری مرحلے میں ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کاانتخابی منشور ہمیشہ کی طرح جامع، قابل عمل اور پاکستان کے مسائل کا حل ثابت ہوگا۔ اپنے بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ اپنی روایت کے مطابق معاشی بحالی وخود انحصاری اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف وعدے نہیں کرنے اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے، منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کا منشور تمام طبقات اور ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا جا رہا ہے۔ سابق وزیر نے کہاکہ آئینی کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کے لئے اصلاحات، انتظامی امور میں بہتری، گڈ گورننس پر سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں۔ لیگی رہنما نے کہاکہ نظام عدل کی اصلاح اولین ہدف ہے تاکہ شہریوں کے حقوق، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی ہو،خارجہ تعلقات کا فروغ، امن کا قیام، قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانا منشور کے اہم نکات میں شامل ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ بیوروکریسی، سول سروسز اور امور سرکار کو شفاف، فعال اور آسان بنانے کی تجاویز مرتب کی جا رہی ہیں، ایندھن، ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم پر بھی منشور میں سفارشات شامل ہوں گی۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ میڈیا، فلم، ٹی وی، تاریخ و ادب، ثقافت، سیاحت کے فروغ کیلئے پالیسی گائیڈ لائن منشور میں شامل ہو گی۔ مریم اورنگزیب نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلیوں، بڑھتی آبادی پر قابو، صحت و غذا کا تحفظ منشور کے نکات میں شامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی تعلیم، وظائف اور لیپ ٹاپ کی فراہمی، ہنرمندی اور روزگار کے لئے فوری قابل عمل تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ کسانوں، محنت کشوں، مزدوروں، کمزور طبقات اور اقلیتوں کے معاشی، سماجی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس پالیسیاں منشور میں شامل ہوں گی۔ (ن)لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ کھیلوں کا فروغ، نئے میدانوں اور اسپورٹس کمپلیکسز کی تیاری، خصوصی افراد کے لئے اقدامات بھی منشور کا حصہ ہوں گے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پالیسی اقدامات منشور میں شامل ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ الحمداللہ مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ وعدے پورے کئے ہیں، پھر کریں گے، ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے۔