مچھ واقعہ ،بھارت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں بددلی پھیلانا چاہ رہا ہے ، شاہ محمود قریشی

0
262

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بلوچستان مچھ میں ہونیوالے المناک واقعہ کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں بددلی پھیلانا چاہ رہا ہے ۔مچھ بلوچستان میں غریب مزدوروں اور معصوموں کے ناحق قتل کے المناک واقعہ پر دلی صدمہ ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت ایسے دل خراش اور المناک واقعات کے ذریعے پاکستان میں عدم استحکام چاہتا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والوں میں بددلی پھیلانا چاہ رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 14 نومبر کو ایک پریس کانفرنس میں ہم نے ایک ڈوزئیر کے ذریعے،دہشتگردی کے حوالے سے بھارت کی پشت پناہی کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے پوری دنیا کو بھارت کااصل چہرہ دکھایا ہے،بین الاقوامی زرائع ابلاغ کھل کر بھارت پر تنقید کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کیساتھ بہت براسلوک کیاجارہاہے،ان مظالم کی وجہ سے بھارت کے اندر سے آوازیں اْٹھ رہی ہیں،اپوزیشن، اس صورت حال کے پیش نظر ذاتی ایجنڈے کوچھوڑکرقومی مفادکوترجیح دے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ شفاف انتخابات سمیت قومی امور پر بات چیت کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کرونا وبا سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی تشکیل جیسے قومی اہمیت کے موضوع پر مشاورت کے لیے اپوزیشن کو مدعو کیا۔