چین کا ہانگ کانگ کے عوام کیلئے برطانوی ‘پاسپورٹ’ تسلیم نہ کرنے کا اعلان

0
250

بیجنگ (این این آئی)چین نے اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے عوام کے لیے برطانیہ کا قومی پاسپورٹ (بی این او) مزید تسلیم نہیں کیا جائے گا۔عرب میڈیارپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لی جیان ژاؤنے بتایا کہ چین 31 جنوری سے نام نہاد بی این او پاسپورٹ، سفری دستاویزات، شناختی دستاویزات کو تسلیم نہیں کرے گا اور مزید کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ چین کا یہ فیصلہ کوئی حیران کن بات نہیں ہے کیونکہ بیجنگ نے اس عمل کو کئی مہینوں سے التوا میں رکھا ہوا تھا اور اس کو نیشنل سیکیورٹی قانون سے جوڑا گیا تھا جس کے تحت حکومت کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا جاسکتا۔دوسری جانب برطانیہ کی حکومت نے اپنی سابق کالونی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عزم دہرایا۔برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہانگ کانگ کے لیے بی این او کا نیاراستہ نکالا گیا ہے تاکہ وہ ہمارے ملک میں رہائش اور کام کرنے کے مجاز ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ ہمیں خوشی ہے ہم ہانگ کانگ کے عوام کے ساتھ تاریخی تعلقات اور دوستی کے احترام میں یہ سب کر رہے ہیں اور ہم آزادی اور خود مختاری کے حق میں کھڑے ہوئے ہیں۔بی این او پاسپورٹ کے تحت پانگ کانگ میں 1997 سے قبل پیدا ہونے والے شہری برطانیہ میں رہنے کا حق رکھتے ہیں اور اس نئے قانون کے تحت ہانگ کانگ سے ایک اندازے کے مطابق 29 لاکھ لوگ اور ان پر انحصار کرنے والے دیگر 23 لاکھ افراد برطانیہ داخل ہوسکیں گے۔