تدفین گھروں میں کرنا پڑے گی، بھارت میں مسلمانوں کے قبرستانوں پر قبضے کئے جانے لگے

0
416

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال میں قبرستانوں میں قبضے کئے جانے لگے ۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاستی دارالحکومت بھوپال میں عوام کی فلاح کے لیے وقف کی گئی زمینیں سرکاری ہیں جن میں سے بڑی تعداد قبرستانوں کی بھی ہے۔رپورٹ کے مطابق بھوپال میں قبرستانوں کے لیے مختص کی گئی زمینوں پر قبضہ ہوچکا ہے جہاں قبضہ مافیا نے عمارات تعمیر کیں اور وہاں اب شہری رہائش پذیر ہیں۔مدھیا پردیش کے علما بورڈ کو اس بات کی اطلاع موصول ہوئی کہ ریاست میں اب تدفین کے لیے جگہ کم پڑنے لگی ہے جس کے بعد انہوں نے ایک سروے کروایا۔سروے میں یہ خوفناک انکشاف سامنے آیا کہ بھوپال میں 187 مقامات کو قبرستانوں کے لیے مختص کیا گیا تھا، جن میں سے بیشتر پر اب قبضہ ہوچکا ہے اور اب صرف 23 قبرستان ہی بچے ہیں۔مدھیا پردیش علما بورڈ کے رکن قاضی انس علی نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے قبرستانوں کے حوالے سے سروس کیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ بھوپال میں قبرستانوں کی تعداد 23 رہ گئی ہے، بقیہ پر قبضہ ہوچکا یا وہ بند ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی حال رہا تو مسلمانوں کو اپنے مردوں کی تدفین گھروں میں ہی کرنا پڑیگی۔علما بورڈ کے سروے کے بعد بھوپال کے شہری مزید خوفزدہ ہوگئے ہیں اور انہیں فکر ہے کہ اگر خدا نخواستہ اْن کا کوئی پیارا دنیا سے رخصت ہوتا ہے تو وہ اْس کی تدفین کہاں کریں گے۔