اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد لانے کے کھوکھلے نعروں سے حکومت کو کوئی پریشانی نہیں ‘ ہمایوں اختر خان

0
228

لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ منڈی بہائو الدین کے کامیاب جلسے سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام وزیر اعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ،باشعور عوام جانتے ہیں کہ ملک کو درپیش معاشی مشکلات ماضی کے حکمرانوںکی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہیں اور وہی دوبارہ ملک کی باگ ڈور سنبھالنا چاہے ہیں،حزب اختلاف کے منفی پراپیگنڈے کے باوجود تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں ہرگز کمی نہیں ہوئی اور منڈی بہائو الدین کے جلسے میں شرکاء کی غیر معمولی تعداد اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عالمی اداروں کی تازہ ترین رپورٹس موجود ہیں کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی مہنگائی کی شرح کئی گنا بڑھی ہے ،پاکستان پیٹرولیم اوراشیائے خوردونوش کی کئی چیزیں درآمد کرتا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی کا رجحان ہے ۔کورونا کی وجہ سے متاثر ہونے والی سپلائی چین بحال ہونے سے عالمی سطح پر صورتحال معمول پر آرہی ہے جس کے یہاں بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اورانشا اللہ مہنگائی میںبتدریج کمی آئے گی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات ترقی کر رہی ہیں، لارج سکیل مینو فیکچرننگ کا شعبہ بڑھوتی کی جانب گامزن ہے، ترسیلات زر میں اضافے کا رجحان ہے ، حکومت معیشت کی پائیدار ترقی کیلئے غیر معمولی اقدامات اٹھا رہی ہے جس کے آنے والے سالوں میں دورس نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے تحریک عدم اعتماد لانے کے کھوکھلے نعروں سے حکومت کو کوئی پریشانی نہیں کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ہے ۔