سوئی اور ڈیرہ بگٹی کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، شاہ زین بگٹی

0
189

اسلام آباد/ڈیرہ بگٹی(این این آئی)وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ سوئی اور ڈیرہ بگٹی کے عوام کو صحت اور پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیاد پر اقدامات کئے جارہے ہیں ، صوبائی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے پانی کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائیگا ، ڈبلیو ایچ او کی طرف سے تھیلیسیمیا سنٹر کے قیام کا اعلان، ادویات کی فراہمی اور ایمبولینس عطیہ کی گئی ہے، مقامی ہسپتالوں کو درکار آلات کی فراہمی کیلئے نیشنل ہیلتھ سروسز کی وزارت کی طرف سے یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ ماہی پالا پالیتھا اور وزارت صحت کے حکام کے ہمراہ ڈیرہ بگٹی کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ‘ اس موقع پر چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے وفاقی وزیر کو پانی اور صحت کی سہولیات سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی نے بتایا کہ پیر کوہ میں پانی کی شدید قلت ہے جب تک پانی سپلائی کا منصوبہ مکمل نہیں ہوتا تب تک مقامی انتظامیہ تین لاکھ ساٹھ ہزار لیٹر روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم کررہا ہے اور ہم ان اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ چیف سیکرٹری کی طرف سے بتایا گیا کہ پانی کا منصوبہ دو ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا اور ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہے جب تک پانی کا منصوبہ مکمل نہیں ہوتا یومیہ چار لاکھ لیٹر پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرمی میں اضافہ ہورہا ہے ہیٹ ویو کے دوران پانی کی بروقت فراہمی کے ذریعے ہی لوگوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے ڈیرہ بگٹی میں تھیلیسیمیا سنٹر قائمکرنے کا اعلان کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی طرف سے علاقے کے ہسپتالوں کیلئے پہلے بھی ادویات بھجوائی گئی تھیں اور آج بھی ادویات عطیہ کی گئی ہیں جبکہ ایک ایمبولینس بھی دی گئی ہے جس پر ہم عالمی ادارہ صحت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزارت برائے ہیلتھ سروسز ی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے ہسپتالوں کو جن آلات کی ضرورت ہوگی وہ بھی فراہم کئے جائیں گے۔