مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی کال پر مختلف شہروں میں ہڑتال و احتجاج شروع

0
76

کراچی، اسلام آباد،پشاور(این این آئی)مہنگی بجلی اور ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کی کال پر مختلف شہروں میں احتجاج شروع کر دیا گیا ۔ کراچی کے علاقے شیر شاہ اور مومن آباد میں مہنگائی اور مہنگی بجلی کے خلاف احتجاج کیا گیا، جنہوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔سڑکیں بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، مظاہرین کی جانب سے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کیے گئے ، احتجاج کے سبب علاقے میں دکانیں بند کردی گئیں۔سندھ کے بدین سمیت گولارچی ٹنڈو باگو ماتلی تلہار میں بھی کاروباری مراکز بند ررہے۔اسلام آباد کے مختلف کاروباری مراکز میں تاجر دوست اسکیم، بجلی بلوں میں اضافی ٹیکس کے خلاف احتجاج مرکزی انجمن تاجران اورتنظیم تاجران پاکستان کی کال پر تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ۔اسلام آباد میں آبپارہ مرکز ،جی نائن کراچی کمپنی سمیت مختلف علاقوں میں دکانیں بند رہیں۔صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ آج ملک بھر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی، حکومت کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ تاجر دوست ٹیکس اسکیم کا قانون واپس لے۔اجمل بلوچ نے مزید کہا کہ حکومت نے ظالمانہ ٹیکس کا قانون واپس نہ لیا تو آگے 2 دن کی ہڑتال کا اعلان کر دیں گے۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹیکس ، بجلی کے بل اور مہنگائی کے خلاف ہڑتال کی کال پر شہرکی بیشتر مارکیٹس میں دکانیں بند رہیں۔پنجاب کے شہر ساہیوال میں مہنگائی اوربجلی بلوں کے خلاف تاجروں کی شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال پر شہر اورگرد و نواح کی تمام مارکیٹیں مکمل بند رہیں۔ہڑتال میں مرکزی انجمن تاجران، کریانہ اور پیسٹی سائیڈ ایسوسی ایشن، مرکزی تنظیم تاجران اور دیگرشامل ہیں۔ کوئٹہ میں تاجروں کی احتجاج کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ، شہر میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند رہیں۔صدر انجمن تاجران نے بتایا کہ ہڑتال زائد ٹیکسز کے خلاف کی گئی ، دیگر ممالک میں تاجروں کو خصوصی رعایت دی جاتی ہے، پاکستان میں تاجروں پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔صدر انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ زائد ٹیکسز کی وجہ سے تاجر برادری ملک چھوڑ کرجا رہی ہے۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت دیگر اضلاع میں کاروباری مراکز بند رہے۔