پاکستان برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے ، وزیر خزانہ

0
56

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کوپاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پکاسی سے الواداعی ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کے مختلف پہلو ئوں پر روشنی ڈالی گئی۔ وزیرخزانہ ومحصولات نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے سبکدوش ہونیوالے سفیر کی خدامت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کیدرمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو مشترکہ اقدار اور ثقافت کے آئینہ دار ہے۔ وزیرخزانہ نے ترکیہ کے وزیر تجارت کی قیادت میں تجارتی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان کابھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس دورے کے دوران توانائی ، زراعت، بنیادی ڈھانچہ اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملی۔ اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نیپاکستان میں قیام کے دوران حکومت پاکستان کی طرف سے فراہم کردہ تعاون وحمایت کو سراہا۔ انہوں نے ترکیہ کے تجارتی وفد کی جانب سے بھی پاکستان کاشکریہ اداکیااور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی استعداد سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔ فریقین نے دونوں ممالک کے مابین اشیامیں تجارت کے باہمی معاہدے کابھی حوالہ دیااور کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کے حوالے سے اہم قدم ہے۔ انہوں نے حکومتی اور بزنس ٹو بزنس رابطوں کے ذریعے مزیداقدامات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ وزیرخزانہ نے سبکدوش ہونے والیترکیہ کے سفیر کے لئے نیک تمنائوں کااظہارکیااور امید ظاہرکی کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پائیدار دوستی کے لئے اپناکردارآئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے کام جاری رکھنے کے عزم کابھی اعادہ کیا۔