نیویارک (این این آئی)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کو نافذ کرنے کے لئے فیصلہ کن طریقے سے کام کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اسلحے کی پابندی جیسے تعزیری اقدامات کرے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ روز مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر 15 رکنی کونسل کو بتایا کہ اسرائیل سیدرخواست کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اقوام متحدہ کے چارٹر کے باب VII کے تحت غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کو نافذ کرنے کے لیے سیاسی اتفاق رائے کو متحرک کرنا چاہیے جو سلامتی کونسل کو بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے نفاذ کی کارروائی کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جاری جارحیت نہ صرف خطے کو عدم استحکام کا شکار کر رہی ہے بلکہ یہ عالمی امن و سلامتی اور عالمی نظام کے لیے ایک منظم خطرہ ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ اسرائیل کیجارحانہ رویے کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کو اسرائیل پر اس کی جارحیت کی تلافی کی ذمہ دار ی ڈالنی چاہیے، جن میں ہتھیاروں کی پابندی، غزہ، مغربی کنارے اور لبنان میں مناسب عدالتی میکانزم کے ذریعے جرائم کے ذمہ داروں کا احتساب، اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت کا جائزہ اور ایسے دیگر اقدامات شامل ہیں جن پر سلامتی کونسل، جنرل اسمبلی اور انفرادی رکن ممالک متفق ہو سکتے ہیں۔سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں منعقد ہونے والے مباحثے میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دنیا حالیہ تاریخ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی سب سے زیادہ سنگین خلاف ورزیوں کا بھی مشاہدہ کر رہی ہے، جسے بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے ) نے قابل مذمت نسل کشی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بحران کو جان بوجھ کر امداد کی ناکہ بندی اور فاقہ کشی کی حکمت عملی سے بڑھایا جا رہا ہے۔فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی(یو این آر ڈبلیو اے)کی امدادی کارروائیوں کو بند کرنا،اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کی مہم کا حصہ ہے جو خاص طور پر غزہ میں فلسطینیوں کے لیے ایک لائف لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ واضح طور پر یہ دانستہ اور غیر انسانی جارحیت اسرائیلی رہنماؤں کے انتہا پسندانہ ایجنڈے کی عکاسی کرتی ہے، جو تنازع کو وسعت دے کر، قبضے کو برقرار رکھ کر اور دو ریاستی حل کو روک کر اپنی سیاسی بقا کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان لبنان، شام اور ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتا ہے جس سے پورے مشرق وسطیٰ میں ایک وسیع جنگ کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے اسرائیل اپنی جارحیت اور بے گناہوں کے قتل عام کی مہم کو برقرار رکھنے کے لیے بلا روک ٹوک ہتھیاروں کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
مقبول خبریں
پاکستان ایک بار پھر آگے بڑھنا شروع ہوگیا، دنیا کی نظریں مسئلہ کشمیر پر...
لندن (این این آئی)سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ پوری دنیا کی نظریں مسئلہ کشمیر پر...
سلامتی کونسل کے منتخب اراکین کے ساتھ بہت مفید اور اہم تبادلہ خیال کیا،...
نیویارک (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور پاکستانی سفارتی مشن کے قائد بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی...
جنوبی ایشیا کی بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش،او آئی سی کا سندھ طاس معاہدہ...
نیویارک (این این آئی)اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے جنوبی ایشیا میں بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے...
اسلام آباد کی تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز تحلیل، تمام عہدیداران فارغ
اسلام آباد(این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسلام آباد کی کرکٹ سیاست میں ہلچل مچا دینے والا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے...
سعودی وزیر خارجہ اور امریکی ہم منصب کا سٹریٹجک پارٹنرشپ پر تبادلہ خیال
ریاض (این این آئی) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے امریکی ہم منصب مارکو روبیو نے دوطرفہ تعلقات اور دونوں...