وادی کشمیر میں بے گناہ لوگوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے

0
241

سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور کینڈل لائٹ مارچ کئے گئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایسا ہی ایک مظاہرہ شوپیاں قصبے میں کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عام لوگوں نے شرکت کی۔شمالی کشمیر کے کپواڑہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بھی مظاہرے کئے گئے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک کشمیری پنڈت پورن کرشن بھٹ کے قتل سمیت قتل وغارت کی نئی لہر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور کینڈل لائٹ مارچ کیاگیا۔ قصبے میں کینڈل لائٹ مارچ میں شریک عام لوگوں نے بے گناہ شہریوں کے قتل کے خلاف نعرے لگائے۔اسی طرح کے مظاہرے بانڈی پورہ، سنبل اور گریز میں بھی ہوئے جن میں سول سوسائٹی کے ارکان اور تاجر انجمنوںسمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔شرکا ء نے قتل وغارت کی روک تھام میں انتظامیہ کی ناکامی کے خلاف نعرے لگائے۔ادھر کپواڑہ میں بھی ایک ریلی نکالی گئی جو فائونٹین پوائنٹ درزی پورہ سے شروع ہوئی اوربائی پاس روڈ سے ہوتی ہوئی ڈی سی آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔لوگوں نے ہاتھوں میںبینرز اورپلے کارڈذ اٹھا رکھے تھے جن پر ”بے گناہوں کاقتل بند کرو” جیسے نعرے درج تھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگست 2019میں مودی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کئے جانے کے بعد سے بھارتی فوجیوں کی طرف سے جعلی مقابلوں ،محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں اور تیر بہدف حملوں میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔