اسلام آباد (این این آئی)چین پاکستان یوتھ ایکسچینج کمیونٹی (سی پی وائی ای سی)نے اظہار یکجہتی اور فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ 300 خاندانوں میں فوڈ پیکج تقسیم کیے ہیں جن سے بہاولنگر اور گردونواح کے 1800 سے زائد افراد مستفید ہو ئے، دل کو چھو لینے والی اس مہم کا اہتمام بیجنگ ون ہارٹ اسفیئر چیریٹی فائونڈیشن کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ گوادر پرو کے مطابق سی پی وائی ای سی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جس کا مقصد چین اور پاکستان کے نوجوانوں کے درمیان ثقافتی تبادلے اور باہمی تفہیم کو فروغ دینا ہے۔ یہ تنظیم پاکستان میں قدرتی آفات سے بچا کی کوششوں سمیت مختلف سماجی اور انسانی اقدامات میں فعال طور پر شامل رہی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اگست 2022 میں پاکستان میں سیلاب کے آغاز کے بعد مئی 2023 میں بہاولنگر اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں ایک اور بڑا سیلاب آیا جس نے بڑی تعداد میں ڈیموں اور دیہاتوں کو تباہ کر دیا، 196 افراد ہلاک، ہزاروں زخمی اور 16،627 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 153،231 ایکڑ غیر کٹائی شدہ زمین تباہ ہو چکی ہے۔ سیلاب نے ندی کے کنارے واقع گائوں کو بھی متاثر کیا جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوااور 2023 میں سیلاب کے بعد کی تعمیر نو کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج پیدا ہوا۔ گوادر پرو کے مطابق سی پی وائی ای سی کے چیئرمین ما بن نے مزید دیکھ بھال کرنے والے گروپوں اور افراد پر زور دیا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کے لیے مقامی حکام اور ایجنسیوں کے ساتھ رابطے اور تعاون جاری رکھیں گے۔