چیئر مین سینٹ کا چائنہ انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ کو آپریشن ایجنسی کا دورہ ، چیئر مین سے ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

0
237

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ چین کے شہر بیجنگ میں چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کا دورہ کیا اور سی آئی ڈی سی اے کے چیئرمین Luo Zhaohuiسے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کی ترقیاتی کوششوں میں چین کی غیر متزلزل حمایت پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے میں سی آئی ڈی سی اے کی گرانقدر شراکت کو بھی سراہا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ملکی پالیسیوں کی تشکیل میں پارلیمنٹ کے اہم کردار پر روشنی بھی ڈالی۔ملاقات میں پاکستان میں پارلیمانی صلاحیت کو بڑھانے کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ایجنسی کے چیئرمین نے اسلام آباد میں انٹرنیشنل پارلیمنٹرین کانگریس کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر اتی پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے منصوبے کو مزید مستحکم کرنے کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی پی سی ہیڈ کوارٹر کا تصور بین الاقوامی پارلیمانی تعاون اور سفارت کاری کی علامت کے طور پر کیا گیا ہے، آئی پی سی ہیڈکوارٹر دنیا بھر کے قانون سازوں کو اکٹھا کرنے اور مشترکہ عالمی اہداف کیلئے کام کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ اقدام پارلیمانی سفارت کاری کے ذریعے بین الاقوامی اتحاد اور پیشرفت کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔آئی پی سی ہیڈ کوارٹر عالمی سطح پر تعاون کی ایک علامت ہے۔ چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے چین مسلسل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں میں وسائل، مہارت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔