اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت وزارت قانون میں انسداد بدعنوانی ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بدھ کو یہاں منعقدہ اجلاس میں ایف آئی اے ، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، ایف ایم یو، سی سی پی اور فنانس ڈویژن سمیت مختلف متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر شراکت داروں سے معلومات حاصل کی گئیں۔ اجلاس کے دوران تمام نمائندوں نے مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے اہم مسائل سے نمٹنے کیلئے قیمتی تجاویز کا اشتراک کیا۔
وفاقی وزیر قانون نے اجتماعی کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ 20مارچ تک اپنی تجاویز پیش کریں تاکہ ایک جامع فریم ورک تشکیل دیا جا سکے۔
وزیر قانون نے قوانین اور پالیسیوں کے مسودہ کے علاوہ رویے میں تبدیلی کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ اجلاس میں مالیاتی بدعنوانی سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے استعداد کار میں اضافہ کے پروگرام اور محکموں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق رائے کیا گیا جبکہ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں ایجنسیوں کے درمیان تعاون اور ایک متفقہ نقطہ نظر کو اہم عناصر کے طور پر شناخت کیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے امید کا اظہار کرتے ہوئے سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔ اجلاس مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے خلاف جنگ میں ٹھوس نتائج کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔