سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے ، ریاض حسین پیرزادہ کی ہدایت

0
66

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے وفاقی ملازمین اور عوام کو سستی رہائش فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سرکاری رہائش گاہوں کی الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور میرٹ پر سختی سے عملدرآمد کیاجائے تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بدھ کو اسٹیٹ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

یہ اجلاس غیر قانونی الاٹمنٹ کے سابقہ عمل کو روکنے اور الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے کے لئے منعقد کیا گیا تھا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ آفس عبید الدین نے وفاقی وزیر کومحکمے کے نظم و ضبط اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے قانون کی حکمرانی اور الاٹمنٹ کے عمل کی شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام سابقہ الاٹمنٹس کا مکمل جائزہ لیں تاکہ غیر قانونی یا بے ضابطگی کی کسی بھی مثال کی نشاندہی کی جا سکے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ مستقبل میں غیر قانونی الاٹمنٹ کے واقعات کو روکنے کے لئے مضبوط میکانزم پر عملدرآمد کیا جائے اور انصاف کو یقینی بنانے کیلئے الاٹمنٹ کے عمل کو شفاف بنایا جائے ۔

اس موقع پر سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس ڈاکٹر شہزاد خان بنگش اور وزارت کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔