خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور، متعلقہ عدالت پیش کرنے کا حکم

0
200

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کل تک لاہور میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک روزہ ریمانڈ منظورمنظور کیا ،احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے حکم دیا کہ خواجہ آصف کو آج ہی لاہور منتقل کیا جائے، ممکن ہو تو آج ورنہ کل لازمی لاہور کی متعلقہ عدالت میں پیش کریں۔خواجہ آصف کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں نیب نے خواجہ آصف کے 2 روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔خواجہ آصف کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ گراونڈ آف اریسٹ ہمیں ابھی تک نہیں ملے، یہ کیس دو سال سے چل رہا ہے، 4 گھنٹے لگتے ہیں، یہ 2 روز مانگ رہے ہیں۔جج احتساب عدالت نے کہا کہ میرے پاس تو صرف راہداری ریمانڈ تک کا اختیار ہے۔اس موقع پر (ن) لیگی رہنما خواجہ آصف خود روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ مجھے گرفتاری کی گراونڈ نہیں دی گئی، جس پر جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ انہیں گراونڈ آف اریسٹ دے دیں۔اس سے قبل خواجہ آصف کو آج صبح احتساب عدالت اسلام آباد پہنچایا گیا جس کے بعد انہیں نیب پراسیکیوشن روم میں رکھا گیا جہاں مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، محسن شاہنواز رانجھا، مریم اورنگزیب نے خواجہ آصف سے ملاقات کی ۔پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دو سالوں سے کیس بھگت رہا ہوں، لیکن نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہوں، مجھ سے کہا جارہا ہے نواز شریف کو چھوڑ دو، ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)نے گزشتہ روز خواجہ آصف کواسلام آباد سے گرفتار کیا تھا، ان پر ناجائز اثاثوں کا الزام ہے۔