اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن پہلے ہی مری ہوئی ہے ،رنگ پٹسن بیٹھے ہوئے ہیں،انجن دھواں دے رہاہے ، وزیراعظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے،اسمبلی میں 3 دن جو ہوا اس سے جمہوریت کو عزت نہیں ملی ، اسلام آباد کو منشیات سے پاک کرنا ہے، چھوٹے موٹے غریبوں کو پکڑ کے بڑوں کو جانے نہیں دینا خواتین کے لیے مخصوص بازار بنانے جارہے ہیں، نالہ لئی کے لیے 55ارب روپے رکھے گئے، ویزا آن لائن کردیا، ایک ہی روز میں پاسپورٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ جمعہ کو یہاں ایگل سکواڈ کے فلیگ مارچ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ دارالحکومت کو ایک مثالی شہر بنائے، اسلام آباد کو منشیات سے پاک کیا جائے اور آئس ، ہیروئن کے بڑے بڑے ڈیلرز اور ریکٹس کو پکڑا جائے، قانون صرف غریبوں کے خلاف حرکت میں نہ آئے، ملک کا اصل مسئلہ یہی ہے کہ غریب قانون کی زد میں آ جاتا ہے ،بڑے لوگوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں دوسرے شہروں سے بڑی تعداد میں نقل مکانی ہوئی ہے۔ نواحی علاقوں میں مزید نئے تھانے بنانے کی ضرورت ہے، اسلام آباد میں سکیورٹی کی بہتر ی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،پولیس شہریوں کو عزت دے اور ایک عام شہری کام بھی باسانی ہوناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیاحوں کی بڑی تعداد آتی ہے اور یہاں سے گزر کر آگے سیاحتی مقامات کی طرف بھی لوگ جاتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں ناکے ختم کردیئے ہیں،لوگوں کے لئے آسانیاں اور سہولتیں پیدا کر رہے ہیں،ای پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے اور 2 ہزار اضافی فیس کے ساتھ ایک دن میں بھی پاسپورٹ ملے گا،ویزہ سسٹم آن لائن کر دیا ہے چینی شہریوںکو 90 دن کی بجائے 2 سال کا ویزہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس میں ایس ایچ اوز کو براہ راست فنڈ دے رہے ہیں،باہر سے بھی افسروں کو یہاں لا رہے ہیں۔ پولیس کے پاس فنڈز کی کمی ہے انہیں مزید وسائل دیں گے ، ان کی تنخواہیں اور الائونسز بھی بڑھائیں گے۔ وزیرخزانہ سے اس سلسلہ میں بات کروں گا