تبدیلی سرکار نے جھوٹے وعدوں کے سوا 22 کروڑ عوام کو کچھ نہیں دیا ‘لیاقت بلوچ

0
189

سرگودھا(این این آئی)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر و صدر قائمہ کمیٹی برائے سیا سی امور لیاقت بلوچ نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے جھوٹے وعدوں کے سوا 22 کروڑ عوام کو کچھ نہیں دیا جس کی مسلسل نااہلی کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت پٹ چکی ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا جس سے مہنگائی کے سونامی نے انسانوں کا جینا مشکل کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب قوم کے پاس مسائل کے حل کے لئے واحد آپشن جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شامل ہو کر اسے اقتدار میں لانا ہے۔زرائع کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر و صدر قائمہ کمیٹی برائے سیاسی امور لیاقت بلوچ اور امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے سرگودھا کا دورہ کر کے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کی اور مقامی طور پر سیاسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔منعقدہ اجلاس میں سرگودھا ریجن کے ضلع خوشاب سے امیر جماعت اسلامی حافظ فدا الرحمان،نامزدامیدواران صوبائی اسمبلی الحاج چوہدری ناصر ندیم گجر، ملک وارث جسرا ایڈووکیٹ ، ملک شیراز امین اور سیکرٹری سیاسی کونسل حافظ تنویر حسین نے بھی شرکت کی، اورچوہدری ناصر ندیم گجر نے مرکزی و صوبائی قیادت کو اپنی سیاسی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایاکہ آئندہ قومی الیکشن میں ضلع خوشاب سے جماعت اسلامی ایک پاپولر اور عوامی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ تبدیلی سرکار جھوٹے وعدوں کی وجہ سے پٹ چکی ہے اور نااہل حکمرانوں نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا ، لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے انسانوں کا جینا مشکل کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب قوم کے پاس مسائل کے حل کے لئے واحد آپشن جماعت اسلامی ہے اس لئے جدوجہد میں شامل ہو کر اسے اقتدار میں لانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔