امریکا کے نئے مندوب برائے افغانستان رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

0
184

واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے نئے مندوب برائے افغانستان تھامس ویسٹ، طالبان اور افغانستان میں مستقبل کی کسی حکومت کے بارے میں امریکی توقعات واضح کرنے کیلئے رواں ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان کے لیے امریکی مندوب کی حیثیت سے یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔تھامس ویسٹ زلمے خلیل زاد کی جگہ تعینات ہوئے تھے جنہوں نے ہنگامہ خیز 3 سالہ دور کے بعد یہ عہدہ چھوڑا تھا، اس دوران انہوں نے طالبان سے مذاکرات بھی کیے تھے۔معاہدے کے نتیجے میں افغانستان سے امریکی فوجیوں کا مکمل انخلا ہوا اور بائیڈن انتظامیہ کو جنگ زدہ ملک سے افراتفری سے نکلنے میں مدد ملی، ساتھ ہی اس نے کابل پر طالبان کے قبضے کی بھی راہ ہموار کی۔جب باراک اوباما امریکی صدر تھے اس وقت تھامس ویسٹ نے قومی سلامتی کونسل کے عملے میں زلمے خلیل زاد کے نائب کے فرائض سرانجام دئیے تھے۔ایک نیوز بریفنگ میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتایاکہ تھامس ویسٹ جو ابھی برسلز میں موجود ہیں وہ برطانیہ، پاکستان اور بھارت کا بھی دورہ کریں گے۔نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ان توقعات کو واضح کرتا رہیں گے جو ہم طالبان اور مستقبل کی کسی بھی افغان حکومت سے رکھتے ہیں۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا نیا امن مندوب افغانستان کا دورہ بھی کرے گا، محکمہ خارجہ کے اہلکار نے کہا کہ ‘ایسا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے’۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں کہ تھامس ویسٹ کب طالبان عہدیداروں کے ساتھ دوحہ میں مذاکرات کریں گے