امریکا سمیت دنیا طالبان کو تسلیم نہ کرے،واشنگٹن میں سینئر افغان سفارت کار

0
249

واشنگٹن (این این آئی)واشنگٹن میں سابق افغان حکومت کی نمائندگی کرنے والے آخری سفارت کارنے امریکا سے درخواست کی ہے کہ وہ طالبان کو افغانستان کی جائز حکومت کے طور پر تسلیم نہ کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک انٹرویومیں انھوں نے بتایاکہ امریکا میں افغان سفارت خانہ میں متعین سفارت کار طالبان کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں اورانھوں نے گروپ کی ابلاغی روابط بحال کرنے کی تمام کوششوں کومسترد کردیا ۔انھوں نے کہا کہ ہم یقینی طور پر کابل اور طالبان کے ساتھ رابطے میں نہیں ہیں۔ ہمیں طالبان کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات بحال رکھنے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں۔ ہم انھیں نہیں پہچانتے۔طالبان کی جانب سے اسلام اور شریعت کے بارے میں اپنا طرزعمل تبدیل کرنے کے عزم کے باوجود نجرابی نے کہا کہ اس کے ثبوت میں تو وہ کچھ بھی پیش نہیں کررہے ہیں اور ان کے عملی اقدامات اس دعوے سے مختلف ہیں۔نجرابی کا کہنا تھا کہ طالبان ذمہ دار لوگ نہیں اور ان کے اقدامات ان کے اقوال سے مختلف ہیں۔وہ میڈیا میں جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں، وہ اس سے بہت مختلف ہے جو کچھ وہ افغانستان میں عملاکررہے ہیں۔افغانستان سے فرار ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات میں نمودار ہونے والے سابق صدراشرف غنی کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر نجرابی نے کہا کہ کابل کے زوال کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔تاہم انھوں نے امریکا نواز سابق صدر اشرف غنی کو افغان عوام کا غدار قرار دیا اور کہا کہ ان کے ساتھ بھی اگر کوئی رابطہ ہوتا ہے تو ان سے طالبان کی طرح کا سلوک کیا جائے گا۔