پاکستان اور روس کے تعلقات مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں،شاہ محمود قریشی

0
172

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے تعلقات مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں، افغانستان کے مسئلے پر ہماری قریبی مشاورت رہی، ہماری نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کے حوالے سے انڈرسٹنڈنگ پیدا ہو رہی ہے،جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ کی شکل دینا، وزیر اعظم عمران خان کا جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ وعدہ ہے،اگر پاکستان پیپلز پارٹی اس حوالے سے سنجیدہ ہے تو ہم مل کر بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں،اس وقت نون لیگ کے اندر جانشینی کی کشمکش پائی جا رہی ہے،کچھ لوگ شہباز شریف اور کچھ مریم نواز شریف کے حامی دکھائی دیتے ہیں ،بعض اراکین چاہتے ہیں کسی نان شریف کو آگے لایا جائے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان ماسکو فارمیٹ کا حصہ رہا ہے، اسلام آباد میں منعقدہ ٹرائیکا پلس کے اجلاس میں روس کے نمائندے شریک ہوئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اسلام آباد میں منعقدہ، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں روس کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر ضمیر کابلوف نے شرکت کی ، ہماری نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن کے حوالے سے انڈرسٹنڈنگ پیدا ہو رہی ہے جو ہمارے درمیان اقتصادی و توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے انتہائی اہم قدم ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حال ہی میں روسی صدر پیوٹن کی جانب سے اسلاموفوبیا کے حوالے سے جو بیان منظر عام پر آیا ہے اس میں وہی موقف اپنایا گیا ہے جو وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ علاقائی و عالمی سطح پر پاکستان اور روس یکساں سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کی کاوشوں سے دنیا افغانستان کی صورتحال کی طرف متوجہ ہوئی ہے لیکن ابھی مزید توجہ درکار ہے