بھارتی فنکاروں کی آمد پر عدنان صدیقی کا امریکا میں ہونیوالے ایونٹ میں شرکت سے انکار

0
212

کراچی(این این آئی) امریکا میں منعقد ہونے والی تقریب میں بھارتی فنکاروں کی آمد کا سن کر اداکار عدنان صدیقی نے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایونٹ میں شرکت سے انکار کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی امریکا کے پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن(اے پی پی این اے) کی جانب سے ریاست نیو جرسی میں 13 سے 17 جولائی تک ‘گالا’ کا اہتمام کیا جارہا ہے، اس ایونٹ میں پاکستانی فنکاروں سمیت بھارتی آرٹسٹوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاہم عدنان صدیقی نے تقریب میں شریک نہ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔اداکار نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ دنیا بھر میں بسنے والے بے شمار مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میں ‘اے پی پی این اے’ کی تقریب میں شریک نہیں ہوں گا جہاں چند بھارتی فنکاروں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ میں آرٹسٹوں کے خلاف نہیں لیکن میرا ضمیر اجازت نہیں دیتا کہ ہندو لیڈروں کے ہاتھوں نبی پاک کی توہین کو نظر انداز کروں۔