عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری

0
50

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی کی ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو (آج)جمعرات کیلئے نوٹس جاری کردیا جبکہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں سے معائنے کی درخواست پر عدالت نے جیل حکام اور اسٹیٹ کونسل کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے عمران خان کا شوکت خانم ہسپتال کے معالجین سے معائنہ کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت جیل حکام اور اسٹیٹ کونسل نے جواب جمع کرایا جسے عدالت نے غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا رویہ قابل تعریف نہیں ہے۔اسٹیٹ کونسل نے عدالت کو آگاہ کیا جیل میں طبی معائنہ کے لیے ڈاکٹرز موجود ہیں ، ہفتہ میں 3 روز معائنہ ہوتا ہے، جیل میں پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملاقاتوں پر 25 اکتوبر تک پابندی عائد ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی انڈر ٹرائل قیدی ہیں، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ جنگوں میں بھی ڈاکٹروں کے معائنے کی اجازت ہوتی ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ہدایت دی کہ ان کی درخواست کو دیکھیں، ہم نے جیل دورے کے دوران وہاں ڈاکٹرز دیکھے ہیں جو میریٹ پر بھی نہیں تھے، میں اس پر حکم نامہ جاری کروں گا۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے نورین نیازی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی درخواست (آج)جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی