پشاور(این این آئی)پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی، جس کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد میں 32 اور پنجاب میں 33مقدمات درج ہیں۔عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 16 جنوری تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی بھی ہدایت کر دی۔