پاک بھارت دو طرفہ سیریز کی بحالی کا مینڈیٹ نہیں، آئی سی سی چیئرمین

0
362

دبئی(این این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے نومنتخب چیئرمین گریگ بارکلے نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کو تسلسل کے ساتھ ایک دوسرے سے کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں تاہم اس ضمن میں کوئی کردار ادا کرنا ان کا مینڈیٹ نہیں۔گزشتہ ہفتے آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے والے نیوزی لینڈ کے گریگ بارکلے نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عالمی ایونٹس کا سلسلہ اور معیار برقراررکھنے کے حق میں ہوں تاہم رکن ممالک کے درمیان باہمی سیریز کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو بھی آپس میں تسلسل کے ساتھ کھیلتا دیکھنا چاہتا ہوں تاہم اس ضمن میں کوئی کردار ادا کرنا میری صوابدید نہیں۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ روابط کی جلد بحالی کے حوالے سے کہا کہ کچھ چیزیں کرکٹ سے بالاتر ہوتی ہیں لیکن آئی سی سی دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کرے گا۔انہوںنے کہاکہ میرے لیے بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں لیکن مجھے اس بات کا بھی ادراک ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز نہ ہونے میں سیاسی اور زمینی حقائق کا عمل دخل ہے۔گریگ بارکلے نے کہا کہ آئی سی سی میں ہم یہ کر سکتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کو ایک ایسے مقام تک لے آئیں جہاں وہ مستقل بنیادوں پر کرکٹ کھیل سکیں۔ انہوںنے کہاکہ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ میرا مینڈیٹ نہیں، یہ سب کچھ ہمارے اختیار سے باہر ہے۔آئی سی سی چیئرمین نے کہا کہ ہر کوئی ایک بڑے رکن کے طور پر بھارت کی اہمیت سے آگاہ ہے لیکن ہم اس کو دیگر اراکین کی طرح ہی سمجھتے ہیں