اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے اپنے معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے مشاورت کے بعد بلین ٹری منصوبے کی ڈرون ویڈیو اور مستند تصاویر کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر ین کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے درمیان مشاورت کی گئی جس کے بعد وزیراعظم نے منصوبے کی تمام تفصیلات عدالت کو دینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم اور معاون خصوصی کی ملاقات میں بلین ٹری منصوبے کی ڈرون ویڈیوز اور مستند تصاویر کا ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وفاقی حکومت نے عدالتی احکامات پر تمام صوبوں سے ڈیٹا طلب کرلیا اور سیٹلائیٹ امیجز کے لیے سپارکو سے بھی رابطہ کیا گیا ۔حکومت نے سپارکو سے بلین ٹری منصوبیکی سیٹلائیٹ امیجز فراہم کرنے کی درخواست کردی ہے۔ دوسری جانب وزارت موسمیاتی تبدیلی نے صوبوں سے درختوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے اور اس سلسلے میں صوبائی سیکرٹریز محکمہِ جنگلات و چیف سیکرٹریزکو بھی خطوط لکھ دیے گئے ہیں جس میں محکمہ جنگلات سے 2019 تاجون 2020 درختوں کا ڈیٹا مانگا گیا ہے ،تمام صوبوں سے درختوں کی تصاویر بھی مانگی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان خان کمیٹی کے چیئرمین مقررکیے گئے ہیں، وزارت کی 10 رکنی کمیٹی سپریم کورٹ کو جواب جمع کرائے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو سپریم کورٹ کے نوٹس کو سنجیدگی سے لینے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے بلین ٹری سونامی منصوبے کا نوٹس لیا تھا اور منصوبے کی تمام تفصیلات طلب کی تھیں۔