پاکستان کی غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت

0
299

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان نے غزہ کے الاہلی الممدنی ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادیوں اور تنصیبات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرائم کا حصہ ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ اس ہسپتال میں جہاں شہری پناہ اور ہنگامی علاج کی تلاش میں تھے پر حملہ غیر انسانی اور ناقابل دفاع ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری آبادیوں اور تنصیبات کو اندھا دھند نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور جنگی جرائم کا حصہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ پر اسرائیلی بمباری اور محاصرے کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے جہاں اسرائیلی حکام گزشتہ چند دنوں سے کھلے عام درندگی اور بربریت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔