اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں فلاحی منصوبوں کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے یونیسیف کو تمام تر سہولیات فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کے طلبا و طالبات کو ٹیبلٹس سے جدید معلومات تک رسائی دینے سے ناخواندگی میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں یونیسیف کے نمائندہ عبداللہ فاضل سے گفتگوکرتیہوئے کیاجنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں عبداللہ فاضل نے وزیراعظم کو پاکستان کے متعدد علاقوں میں یونیسیف کے اقدامات پر بریفنگ دی جس میں نگران وزیراعظم کو بتایاگیا کہ گزشتہ 5 سالوں میں یونیسیف کے تحت پورے پاکستان میں انسانی امداد، صاف پانی اور غذا کی فراہمی، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تقریبا ایک ارب ڈالر کے منصوبے قائم کئے جا چکے ہیں۔ نگران وزیراعظم نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد کامیاب منصوبے قائم کرنے پر یونیسیف پاکستان کو سراہا۔وزیراعظم نے پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں یونیسیف کے کردار کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ حکومت پاکستان اور یونیسیف جیسے اداروں کے باہمی تعاون کی وجہ سے ملک میں انسداد پولیوکے بارے میں عوامی رویے میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آرہی ہے۔ وزیراعظم نے تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں فلاحی منصوبوں کے قیام کے لئے حکومت پاکستان کا یونیسیف کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سیشدید تنقید کے باوجود یونیسیف کا آزاد کشمیر میں شعبہ تعلیم کے لیے اقدامات اٹھانا قابل تحسین ہے۔ نگران وزیراعظم نے عبداللہ فاضل کو پاکستان میں سکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لئے نئی اور مثرحکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یونیسیف کی جانب سے ملک کے پسماندہ علاقوں میں شعبہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے اقدامات کی حمایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں کے طلبا و طالبات کو ٹیبلٹس کی مدد سے جدید ترین معلومات تک رسائی دلا کر ملک میں ناخواندگی میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ یونیسیف کی جانب سے نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے حکومت پاکستان ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔