حکومت خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال رکن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،صدر مملکت

0
271

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق اور ان کے بارے میں معاشرے میں پائے جانے والے منفی رویوں کو دور کرنے کیلئے میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، ، خصوصی افراد کو پرائمری سطح سے لیکر یونیورسٹی کی سطح تک مفت تعلیم دیئے جانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، حکومت 26 ہزار سے زائد خصوصی افراد کو صحت سہولت کارڈ تقسیم کر چکی ہے، احساس پروگرام کے تحت 20 لاکھ خصوصی افراد کو امداد دی جائے گی۔حکومت نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت چین کے ساتھ پاکستان میں معاون ٹیکنالوجی برائے خصوصی افراد کے فروغ اور تیاری کیلئے یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوانِ صدر میں افرادباہم معذوری کے حوالے سے سینئر صحافیوں کے ساتھ فکری نشست میں کیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا نے بھرپور کردار ادا کیا جس کے باعث بعض افراد میں بیماری کے ابتدائی مرحلہ میں تشخیص سے انسانی جانیں بچانے میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مالی طور پر ان کی شمولیت کے حوالہ سے آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا اہم کردار ادا کر رہا ہے، مخصوص افراد سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے ان کیلئے خصوصی دن منایا گیا۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد سے متعلق درست اعدادوشمارکی کمی ہے۔اس حوالے سے احساس پروگرام کے تحت کیا جانے والا سروے جون 2021ء میں مکمل ہو جائے گا۔ مردم شماری میں صرف 2 فیصد افراد خصوصی افراد کے طور پر ظاہر کئے گئے ہیں مگر ایک سروے سے معلوم ہوا ہے کہ خصوصی افراد پاکستان کی آبادی کا تقریباً 15 فیصد ہیں اور ان کیلئے سہولیات کی کمی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کا انتہائی کم تعداد میں اندراج ہوتا ہے، انہیں نادرا کے ساتھ رجسٹریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس عمل کو سادہ اور آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں پائے جانے والے منفی رویوں کی حوصلہ شکنی کیلئے میڈیا اپنا کردار کرسکتا ہے۔ خصوصی افراد کو نہ صرف نقل و حرکت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ انہیں معاشرے میں تعصب اور منفی رویوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہمیں ان کے حوالے سے رحم پر مبنی رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔