الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے سینیٹ انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

0
240

اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے سینیٹ انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا جس کے مطابق صدر اور گورنرز سینیٹ الیکشن مہم میں حصہ نہیں لیں گے، سیاسی جماعتیں اورامیدواران انتخابات کے پر امن اور بہتر انعقاد کیلئے تمام قوانین پر عملدرآمد کریں گی، کسی کو پاکستان، خود مختاری ،استحکام اور سلامتی کے خلاف بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ،ایسی بات سے اجتناب کرنا ہوگا جس سے عدلیہ کی آزادی یا پارلیمنٹ کی خود مختاری متاثر ہو اور افواج پاکستان کی شہرت کو نقصان ہو۔الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں، امیدواروں، الیکشن ایجنٹس اور پولنگ ایجنٹس کا ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔ اسلام ، نظریہ پاکستان کے خلاف کوئی پروپیگینڈا یا رائے نہیں دی جائے گی ، تمام جماعتیں اور امیدوار الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں گے ورنہ توہین کے مرتکب ہوں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری ہونے والی ہدایات کی پابندی کرنا ہوگی، کسی قسم کی کرپٹ یا غیر قانونی سرگرمیوں کا حصہ نہیں بنا جائے گا۔انتخابی امیدواران اور ان کے حمایتی کسی سرکاری ادارے، ملازم سے کسی طرح کی امداد حاصل نہیں کریں گے