مساجد معاشرتی خدمات کو عوام تک پہنچانے کے لئے بہترین ذریعہ ہیں ،صدرمملکت عارف علوی

0
238

کراچی (این این آئی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معاشرتی ترقی کے لئے بطور ادارہ مساجد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد نہ صرف اسلامی رسومات کے لئے ہوتی ہیں بلکہ معاشرتی خدمات کو عوام تک پہنچانے کے لئے بھی بہترین ذریعہ ہیں۔ صدر مملکت ہفتہ کو یہاں گورنر سندھ ہائوس میں دعوت اسلامی کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد نے گرین پاکستان ویڑن سے متعلق اپنی سرگرمیوں میں حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے وفد کے ممبران پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے معاشرتی کام کے ساتھ ساتھ عوام کو بیماریوں سے بچا ئوکے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔ وفد نے ڈاکٹر عارف علوی کو آگاہ کیا کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج معالجے کے ساتھ خصوصی افراد کی بحالی کے لئے بھی سرگرم عمل ہیں۔ صدر عارف علوی نے وفد کے ممبران کو مشورہ دیا کہ وہ حکومتی پروگراموں جیسے کامیاب جوان ، اخوت اور اسکل ڈویلپمنٹ وغیرہ سے فائدہ اٹھائیں تاکہ آپ اپنے فلاحی کاموں میں مزید مہارت حاصل کرسکیں اور اپنے کاز کو آگے بڑھا سکیں۔ صدر مملکت نے دعوت اسلامی کے ذریعے ملک بھر میں جاری تعلیمی ، معاشرتی اور شجرکاری سرگرمیوں کی تعریف کی۔