بھارت کے زیرقبضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں غیرقانونی تبدیلیاں عالمی قانون کی مزید خلاف ورزی ہے، شاہ محمود قریشی

0
353

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب میں غیرقانونی تبدیلیاں عالمی قانون کی مزید خلاف ورزی ہے،پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کے لئے اپنے عزم پر کاربند ہے،جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن واستحکام کا وژن تنازعہ جموں وکشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل تک پورا نہیں ہوسکتا،عالمی برادری جموں وکشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کا بھارت سے مطالبہ کرے۔یوم یک جہتی کشمیر مناتے ہوئے ہم غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بے مثال قربانیاں دینے والے اپنے بھائیوں اور بہنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس منصفانہ جدوجہد میں ان کی مکمل اور غیرمتزلزل حمایت کرتے رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ استصواب رائے کے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہا کہ لامتناہی سفاکی وظلم بھارتی ریاستی جبرواستبداد کے جاری سلسلے کی عکاسی ہے۔ انہوںنے کہاکہ قابض بھارتی افواج سات دہائیوں سے زائد عرصے سے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تاریخ میں بنیادی انسانی حقوق کی اس وسیع پیمانے پر سنگین پامالیوں کی ایسی مثالیں چند ہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو ان کے اپنے ہی گھروں میں قیدی بنا دیا گیا ہے جبکہ 9 لاکھ سے زائد قابض افواج نے انہیں یرغمال بنارکھا ہے،کشمیری قیادت قیدوبند میں ہے،کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں ، نام نہاد چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں خاص طورپر ماورائے عدالت شہادتوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے