جنوبی خیبرپختونخوا میں پولیومہم 15 اگست سے شروع ہوگی،عبدالقادر پٹیل

0
219

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لکی مروت سے پولیو کیس کی تصدیق کے بعد مجموعی طور پاکستان سے رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوگئی ہے، جنوبی خیبرپختونخوا میں آئندہ پولیومہم 15 اگست سے شروع ہورہی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وائرس کا خاتمہ کرنے کے لئے انجکشن ویکسین کا آغاز بھی کیا گیا ہے،لکی مروت سے پولیو کیس کی تصدیق کی ہوئی ہے،اب تک رپورٹ ہونے والے تمام کیسز شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے،مجموعی طور پاکستان سے رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے بھر پور عملی اقدامات کو جنگی بنیادوں پر یقینی بنارہی ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع بشمول جنوبی و شمالی وزیرستان ، ڈی آئی خان ، بنوں ، ٹانک اور لکی مروت پولیو وائرس کے لئے حساس قرار دیئے جا چکے ہیں، رواں برس بنوں سے بھی اپریل اور مئی میں ماحولیاتی نمونوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پولیو وائرس کا پھیلا شمالی وزیرستان تک محدود نہیں ہے، وائرس ان اضلاع میں کافی حد تک موجود ہے، وائرس کے خاتمے کیلئے بھر پور مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے اور پولیو کے لئے حساس قرار دئے جانے والے اضلاع میں ہنگامی اقدامات سے ویکسین کی رسائی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی خیبرپختونخوا میں وائرس کا خاتمہ کرنے کیلئے انجکشن ویکسین کا آغاز بھی کیا گیا ہے ، جراثیم کے خاتمے کے کے لئے حفظان صحت کٹ بھی تقسیم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رواں برس تمام کیسز جنوبی خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ جن میں شمالی وزیرستان سے 12 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم زیادہ سے زیادہ بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں جبکہ جنوبی خیبرپختونخوا میں آئندہ پولیو مہم 15 اگست سے شروع ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وائرس کے مکمل خاتمہ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔