مریم نواز نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا

0
116

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹزم سکول کے ماڈل کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ کو پہلے آٹزم سکول پر بریفنگ بھی دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلا آٹزم سکول گراؤنڈ فلور اور فرسٹ فلور پر مشتمل ہوگا، جونیئر سیکشن کیلئے 11 کلاس رومز اور سینئر سیکشن کیلئے 10 کلاس رومز بنائے جائیں گے، گراؤنڈ فلور پر کیوبیکل سپیچ سیشن، 10 کلاس رومز، تھراپی روم، پری ووکیشنل ٹریننگ روم، ڈیلی لیونگ ایکٹیویٹی روم اور کمپیوٹر روم قائم ہوگا۔دوران بریفنگ بتایا گیا کہ فرسٹ فلور پر 3 کلاس رومز، ملٹی پرپز ہال، کمیٹی روم، لائبریری اور ریسورس روم قائم ہونگے، آٹزم سکول میں مستقبل کے استعمال کے لئے دو مزید فلور بنانے کی گنجائش ہوگی۔بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں سکیورٹی وال، فائر الارم سسٹم، ٹیلی فون ایکسچینج، اوور ہیڈ ریزروائر قائم ہوگا، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آٹزم سکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل کر دی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آٹزم ماہرین کی فوری تعیناتی اور آٹزم کے ماہرین کی مشاورت سے پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ پاکستان کا پہلا آٹزم سکول کا پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے، آٹزم کے شکار بچے ہمدردی اور محبت کے مستحق ہیں۔