وزیر اعظم کاگوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان

0
25

اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گوادر ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر ائیرپورٹ کا فعال ہونا سی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گا۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے گوادر کو وسطی و مشرقی ایشیاء اور مشرق وسطی و خلیجی ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ بنانے کیلئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ گوادر ایئرپورٹ کا فعال ہونا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں مواصلاتی روابط کے فروغ کی طرف ایک اہم قدم ہے،گوادر ائیرپورٹ کا فعال ہونا سی پیک سے پاکستان اور خطے کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ اور میاں محمد نواز شریف کے سی پیک کے ذریعے پاکستان و خطے کی ترقی کے مشترکہ عزم کی تکمیل کے مزید قریب پہنچ گئے۔ انہوںنے کہاکہ اللہ کے فضل و کرم سے سی پیک کی شروعات میاں محمد نواز شریف کے دور سے ہوئی اور اس کے اہم سنگ میل بھی انکی قیادت میں عبور ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھ سمیت پوری قوم چینی قیادت اور چینی حکومت کی مشکور ہے،بین الاقوامی سہولیات سے آراستہ گوادر ایئرپورٹ پاک چین دوستی کی اعلیٰ مثال ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ چین پاکستان کا وہ مثالی بھائی ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ وزیرِ دفاع و ہوابازی خواجہ آصف، وزیرِ اعلی سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت بلوچستان، سیکیورٹی پر مامور افسران، اہلکار اور عسکری قیادت کو ائیر پورٹ کی تعمیر کیلئے دن رات انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔