سعودی عرب 2030 تک پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی راہ پر گامزن

0
250

ریاض (این این آئی)سعودی عرب 2030 تک اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی)کو حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے، ملک کے نائب وزیر برائے پانی ڈاکٹر عبدالعزیز الشیبانی نے اس ہفتے اقوام متحدہ میں بتایا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈاکٹر عبدالعزیز الشیبانی نے 22 سے 24 مارچ کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی 2023 واٹر کانفرنس میں شرکت کرنے والے سعودی کے وفد کی سربراہی کی۔کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ سعودی عرب آبی شعبے کی تنظیم نو اور قومی آبی حکمت عملی کی ترقی کی بدولت اپنے اہداف حاصل کرے گا۔سعودی عرب نے آنے والے سالوں میں پانی کے منصوبوں کے لیے 80 بلین ڈالر مختص کیے ہیں تاکہ ہر شہری کو پینے کے صاف اور سستے پانی تک مساوی رسائی حاصل ہو۔ڈاکٹر الشیبانی نے مزید کہا کہ مملکت نے وژن 2030 کا آغاز کیا اور پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق قومی آبی حکمت عملی کو اپنایا ۔قومی آبی حکمت عملی کا مقصد آبی وسائل کو محفوظ کرنا، ماحولیات کی حفاظت کرنا اور اعلی معیار اور موثر خدمات فراہم کرنا ہے۔قومی آبی حکمت عملی کے مقاصد عالمی سطح پر صاف اور محفوظ پانی تک رسائی کے قابل بنانے کے لیے ایس ڈی جی 6 کے مطابق ہیں۔2030تک صفائی کی خدمات کے تحت آنے والی آبادی کے تناسب کو بڑھا کر 95 فیصد سے زیادہ تک لایا جائے گا تاکہ سب کو صفائی کی خدمات فراہم ہوں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل واٹر ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ جی 20 کی صدارت کے دوران کے پانی کا پائیدار انتظام سعودی عرب کے ایجنڈے پر تھا اور کہا کہ مملکت ایس ڈی جی 6 کے حصول کے لیے زراعت میں پانی کی طلب کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے صحیح راستے پر گامزن ہے۔2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی، جسے 2015 میں اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک نے اپنایا، اس کے تحت اقوام متحدہ کے تمام 193 رکن ممالک متفقہ طور پر ترقیاتی اہداف کو اپناتے ہوئے غربت اور بھوک کے خاتمے، سمندروں کی حفاظت اور آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات سے حفاظت کے لیے کوششوں کو تیز کرنا ہے۔17 پائیدار ترقی کے اہداف کو 169 مخصوص اہداف میں تقسیم کیا گیا ہے جنہیں ہر ملک اگلے 15 سالوں میں رضاکارانہ طور پر حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔