وزیراعظم شہباز شریف نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا

0
159

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا،10.4کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو ایک متبادل راستہ فراہم کرے گی،یہ شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی، اس منصوبے پر2 ارب 69کروڑ 91 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ منگل کووزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس منصوبہ کاباضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ،سابق اراکین قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کا آغاز جون 2021 میں کیا گیا۔ دسمبر2022 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا، اس منصوبے میں شاہ اللہ دتہ کے مقام پر ایک انڈر پاس شامل کیا گیا جس کی وجہ سے اس کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں تبدیلی آئی ، اس شاہراہ سے جی ٹی روڈ سنگجانی سے ڈی 12 تک کا سفر کم ہوکر کچھ منٹ کا رہ گیا، اس کی وجہ سے سری ینگر ہائی وے پر ٹریفک کا بہائو کم ہوا، مقامی لیبراورتعمیراتی مواد سے متعلق انڈسٹری کو فروغ ملا، اس شاہراہ سے اس علاقے کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، اس شاہراہ کے اطراف میں سی ڈی اے کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کو اس منصوبے کا ماڈل پیش کیا گیا۔