چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں وکلاء کی ملاقات کرانے کی استدعا منظورکرلی گئی

0
130

اسلام آباد (این این آئی)توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں وکلاء کی ملاقات کرانے کی استدعا منظورکرلی گئی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری نے تحریری حکم نامہ جاری کیا۔چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں وکلاء کی ملاقات کرانے کی استدعا بھی منظور کر لی گئی۔حکم نامے میں کہا گیا کہ جیل اتھارٹیز بابر اعوان اور لطیف کھوسہ کو اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دیں، بابر اعوان کو آج ایک سے 3 بجے تک سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی ہے کہ لطیف کھوسہ کی چیئرمین پی ٹی آئی سے دو بجے ملاقات کرائی جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ سزا معطلی درخواست پر دلائل کیلئے الیکشن کمیشن کے وکیل نے 2 ہفتوں کی مہلت طلب کی، اپیل کنندہ کے وکلاء نے تیاری کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت دینے کی سختی سے مخالفت کی، انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن کے وکیل کو وقت دیا جاتا ہے۔عدالت نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 24 اگست کو ہو گی۔