آج ایک بار پھر جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے’ شہباز شریف

0
277

لاہور( این این آئی )سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے یوم دفاع پاکستان پر شہدا ء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ ستمبر عوام اور فوج کے دفاع وطن کے لئے ایک جان ہوکر لڑنے کی سنہری تاریخ کا یادگار دن ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر دلیر عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی،پاکستان کی فضائیہ، بحریہ اور بری افواج نے جنگ ستمبر میں اپنی بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ لیاقت ومہارت کا لوہا منوایا ،آج کے دن قوم شہدا ء کو خصوصی سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ارض پاک کی بقا ء اور سلامتی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی، آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لئے ایک ہونے کی ضرورت ہے ،جنگ ستمبر سبق ہے کہ قوم کا اتحاد، مظبوط فوج اور معاشی ترقی ہی ہماری بقا ء کا راستہ ہے ،آج ایک بار پھر جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے،جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم سے پاکستان کے دفاع، ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے ،اللہ تعالی شہدا ء کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے۔