نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سنکیانگ یونیورسٹی کا دورہ ، طلباء سے خطاب

0
93

ارومچی (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑاپنے دورہ چین کے دوران جمعہ کو چین کے خود مختار صوبہ سنکیانگ کے دارلحکومت ارومچی پہنچے جہاں انہو ں نے سنکیانگ یونیورسٹی کا دورہ کیا۔یونیورسٹی پہنچنے پرسنکیانگ یونیورسٹی کے صدر یا کیانگ اور اکیڈمیا کے اراکین نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعظم نے سکالرز، محققین، ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلبا کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کا سنکیانگ کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار تعلقات میں سنگ میل کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے باہمی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے پاکستان اورچین کیہرطرح کے وقت اورحالات میں تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے سنکیانگ کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے قدیم شاہراہ ریشم کے ذریعے سنکیانگ کے ساتھ تاریخی روابط کا ذکر کیا۔سنکیانگ اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی اور تاریخی روابط کے حوالے سے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، اقتصادی ہم آہنگی، تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، تعلیمی تبادلے، سائنس اور ٹیکنالوجی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لیے سنکیانگ کے ساتھ شراکت کیلئے پاکستان کی دلچسپی کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم کو یونیورسٹی کے ہسٹری میوزیم میں99سال پرانی سنکیانگ یونیورسٹی کی تاریخ کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی ۔