وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی چینی حکام سے ملاقاتیں ،دوطرفہ تجارت کو بڑھانے سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال

0
231

بیجنگ (این این آئی)وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چین کے دورے کے دوران اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ تجارت بڑھانے سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزارت تجارت کے حکام کے مطابق وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز اس وقت چین میں 20 رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں،یہ دورہ اکتوبر میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے چین کے دورے کے بعد ایک اہم قدم ہے جس سے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کو مزید تقویت ملی ہے۔ وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز کی قیادت میں وفد چینی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں میں مصروف ہیں جس کا مقصد پاک چین تجارتی تعلقات کو بہتر بنانا اور باہمی تعاون کے مواقع کی نشاندہی کرنا ہے۔ یہ ملاقاتیں وزیر تجارت کے وڑن کے مطابق چین کے ساتھ تجارتی توازن کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، وفد اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔ وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز کی چائنہ چیمبر آف کامرس فار امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ آف ٹیکسٹائل کے چیئرمین ژانگ زنمن سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکسٹائل کی تجارت کو فروغ دینا تھا، خاص طور پر تجارتی عدم توازن کو دور کرنے پر زور دیا گیا تھا۔ بات چیت میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے اور تجارتی لین دین کو آسان بنانے کیلئے چین میں نئی منڈیوں تک رسائی کی حکمت عملی شامل تھی اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے، وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے COFCO گروپ کے صدر لوان رچینگ سے ملاقات کی، جو چین کے فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں ایک اہم کھلاڑی ہے۔ COFCO چین کے سب سے بڑے فوڈ پروسیسر، صنعت کار اور تجارتی گروپ کی پوزیشن رکھتا ہے،میٹنگ غیر ٹیکسٹائل برآمدات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ اس کے ساتھ، وفد نے بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا، جس سے پاکستانی اور چینی تاجروں کو ملاقات کا پلیٹ فارم فراہم کیا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط کرے گا۔ وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان کی خوشحالی کے لیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی نشاندہی کرتے ہوئے نجی شعبے کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔