ریاست کو دہشتگردی کے خلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل ہے، عوام کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا ، وزیر اعظم

0
190

اسلام آباد (این این آئی)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ریاست کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا شرعی اور آئینی حق حاصل ہے، طاقت کا استعمال صرف ریاست کا حق ہے، ریاست اپنے عوام کو ہر صورت تحفظ فراہم کریگی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پوری قوم ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کی مقروض رہے گی، زبان، رنگ، نسل، عقیدے سمیت کسی بھی بنیاد پر کسی بھی گروہ یا فرد کو پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وہ پیر کو یہاں وزارت داخلہ میں شہدا کے لواحقین سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہدا کے لواحقین کے غم کا مداوا نہیں کیا جا سکتا، شہید کا اجر ا للہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے، پوری قوم ہمیشہ شہدا کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں، سول سوسائٹی، طلبا ، افواج پاکستان سمیت معاشرے کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والوں نے ملک و قوم کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ طاقت کے استعمال کا حق صرف ریاست کو حاصل ہے، زبان، رنگ، نسل، عقیدے سمیت کسی بھی بنیاد پر کسی بھی گروہ یا فرد کو پرتشدد کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اگر کوئی گروہ تائب ہو کر رجوع کرنا چاہتا ہے تو سب سے پہلے وہ شہدا کے لواحقین سے معافی مانگے، اگر وہ مکمل طور پر اپنی غلطی قبول اور غیر مشروط سرنڈر کرے تو ریاست فیصلہ کر سکتی ہے، اگر ایسا نہیں تو ہم سو سال تک بھی لڑنے کیلئے تیار ہیں اور ریاست ایسے لوگوں سے بات چیت نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاست اپنے عوام کو ہر صورت تحفظ فراہم کرے گی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ تقریب میں شہدا کے لواحقین نے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور وزارت داخلہ کی طرف سے شہدا کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے اقدام کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کیا۔