اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبائی الیکشن کمشنر، ڈی آر اوز اور آر اوز انتخابی نشان کی تبدیلی سے اجتناب کریں۔اپنے بیان میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر انتخابی نشان کی تبدیلی لازم ہو تو پہلے کمیشن سے اجازت لیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع ہو چکی، انتخابی نشان کی تبدیلی شاید ممکن نہ ہو سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمن نے پنجاب میں اپنی پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان تیر میں رد و بدل پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔سینیٹر شیری رحمن نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی آزاد امیدواروں کی فہرست میں شمولیت پر تشویش ہے، ہم پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے انتخابی نشان کی درستگی کا مطالبہ کرتے ہیں، پی پی 163 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فیاض بھٹی کو تیر کے بجائے کیتلی، پی پی 119 سے مجاہد اسلام کو تیر کے بجائے ویل چیئر کا انتخابی نشان دیا گیا۔