اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئیوری کوسٹ کے ساتھ اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیوری کوسٹ کو پاکستانی چاول، طبی و جراحی آلات، ادویات اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات بڑھانے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آئیوری کوسٹ میں پاکستان کے نامزد سفیر محمود اختر محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے آئیوری کوسٹ کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں ، نامزد سفیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات آگے بڑھانے کے مواقع تلاش کریں۔ صدر مملکت نیدونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کیلئے ثقافتی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر آئیوری کوسٹ کے ساتھ عوامی روابط فروغ دینے کے امکانات بھی تلاش کریں، وہ آئیوری کوسٹ کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کیلئے کوششیں کریں۔صدر مملکت نے محمود اختر محمود کو آئیوری کوسٹ میں بطور پاکستانی سفیر تقرری پر مبارکباد دی۔