مجھے سیالکوٹ نے جتنی عزت بخشی ہے میری نسلیں بھی اس کا احسان نہیں دے سکتیں، وزیر دفاع

0
56

سیالکوٹ(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مجھے اس شہر نے جتنی عزت بخشی ہے میری نسلیں بھی اس کا احسان نہیں دے سکتیں، عمر کے جس حصے میں ہوں مجھے اس کا بھی ادراک ہے،سات منصوبے اس شہر کے لئے بہت ضروری ہیں تمام سرکاری دفاتر شہر سے باہر منتقل ہونے چاہئیں، جنرل بس سٹینڈ کو بھی شہر سے باہر منتقل ہونا چاہیے اس سلسلے میں میری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات ہے، میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کرو ں گا کہ ان منصوبوں کو پانچ سالوں میں مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات سیالکوٹ کینٹ کی ایک نجی مارکی میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف سیالکوٹ فیصل منظور کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ و افطار ڈنر کے بعد شہریوں کے ایک نمائندہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ دور اقتدار نے تکمیل کے مراحل مکمل کر لئے تو میری اس شہر کے لئے خدمات کے چالیس سال مکمل ہو جائیں گے جس پر میں اپنے رب کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمر کے جس حصے میں ہوں مجھے اس کا بھی ادراک ہے، سات منصوبے اس شہر کے لئے بہت ضروری ہیں، جیل، عدالت اور سرکاری دفاتر کا 53 ایکڑ اراضی پر مشتمل پارک تعمیر ہونا چاہئے اور سمبڑیال، پسرور اور سیالکوٹ کو لنک کرنے کے لئے رنگ روڈ بننا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے شہر سیالکوٹ کے اندر ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھی کوشاں ہوں جبکہ ایمن آباد روڈ کو لاہور موٹر وے کے ساتھ لنک کرنے جا رہے ہیں جس سے سیالکوٹ کا مشرقی حصہ مستفید ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 77 ارب روپے کے منصوبے ہیں جن کی تکمیل سے شہر سیالکوٹ کے باسیوں کو بہت ریلیف ملے گا اور عام عوام کا معیار زندگی بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ سب کچھ اپنے شہر کے لوگوں کی خدمت کے لیے کر رہا ہوں اور اس لیے بھی کر رہا ہوں کہ ان لوگوں نے ہمیشہ مجھے عزت بخشی ہے، میں اپنے شہر کے لوگوں کا ہمیشہ مشکور رہوں گا ۔ رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، رکن قومی اسمبلی علی زاہد حامد، رکن قومی اسمبلی چوہدری ارمغان سبحانی، وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق، رکن صوبائی اسمبلی محمد منشائ اللہ بٹ، چوہدری فیصل اکرام، چوہدری طارق سبحانی، چوہدری ارشد جاوید وڑائچ، چوہدری نوید اشرف، رانا عبدالستار، رانا عارف ہرناہ سمیت سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ اور صدر و نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور عوام کی کثیر تعداد نے اس اجتماع و دعوت افطار میں شرکت کی۔