سینٹ ،آسیہ اندرابی کی غیر قانونی حراست کیخلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظو ر

0
305

اسلام آباد (این این آئی) سینٹ نے کشمیری خاتون رہنما آسیہ اندرابی کی غیر قانونی حراست کے خلاف مذمتی قرار داد مذمت متفقہ طور پر منظو ر کرلی ۔قرارداد قائدحزب اختلاف راجہ ظفرالحق نے پیش کی ۔ قرارداد کے مطابق سینیٹ آسیہ اندرابی کی ساتھیوں سمیت فوری غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتا ہے ۔ چیئر مین سینٹ نے کہاکہ قرارداد کی کاپی اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کے سپیکرز اور چیئرمین کو بھجوائی جائے۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے و زیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کا آغاز کئی دہائیاں پہلے ہوا،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ انڈین لیڈر جواہر لعل نہرو نے خود کیا،دْنیا کو پتہ ہونا چاہیے یہاں دو ایٹمی ممالک کے مابین کشمیر کا مسئلہ کھڑا ہے،آسیہ اندرابی اور ان کے خاوند کو 25 سال سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھا گیا۔ انہوںنے کہاکہ یاسین ملک اور میر واعظ فاروق جیسے ناموں نے جہدوجہد کی تحریک کو مظبوطی سے منظم کیا،برہان مظفر وانی جیسے نوجوانوں کا کشمیر کی تحریک میں حصہ ہے،میں دنیا کو یاد کروانا چاہتا ہوں کشمیر میں لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے،کشمیر میں شہداء کو سفید کفن میں نہیں پاکستانی جھنڈے کے کفن میں دفنایا جاتا ہے،نریندر مودی سْن لے اگر کہیں کوئی حقیقی تحریک آزادی ہے وہ ایک دن کامیاب ہوکر رہے گی،برطانیہ اور امریکہ میں کئی کشمیری سیاسی پناہ گزین بننے پر مجبور ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم امہ کو یاد کروانا چاہتا ہوں نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں اگر جسم کے ایک حصے میں درد ہو تو پورا جسم تکلیف محسوس کرتا ہے،قائد اعظم کی جانب سے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا گیا،پاکستان کشمیر کے بغیر ادھورا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی ہندوستان سے آزادی تک پاکستان چین سے نہیں بیٹھے گا،انڈین آرمی کی جانب سے خواتین سے زیادتی کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈین آرمی کی یونیفارم میں ملبوس بے شرم مخلوق خواتین کی عزتوں کو پامال کر رہی ہے،بروز قیامت سوال ہوگا کہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے لیے ہم نے کیا کیا۔سینیٹر عتیق شیخ نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے پر صرف تقاریر اور قراردیں پیش کی گئیں ،یورپ میں اگر کسی کا پالتو جانور مر جائے تو پولیس پہمچ جاتی ہے لیکن کشمیر پر مظالم کسی کو نظر نہیں آتا،جو بربریت کشمیر میں ہورہی ہے اس کے پیچھے مودی کا ہاتھ ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ وزیرخارجہ نے مسئلہ کشمیر کو متنازعہ بنایا ہے ،حکومت پر صرف پی ڈی ایم کا بھوت سوارہے ،پی ڈی ایم میں کوئی دراڑ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کی تمام حکومتیں کرونا میں عوام کو ریلیف دے رہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نئے سال پر قوم کو پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا تحفہ دیا گیا ہے ، یہ صرف اپوزیشن کی پکڑ دھکڑ میں مصروف ہیں ،بلوچستان ایک طرف دیوار سے لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نہ اٹھارہویں ترمیم رول بیک ہوگی نہ این ایف سی ایوارڈ ختم ہوگا ،انہوں نے پارلیمنٹ کو قبرستان بنانے کا سوچا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان کو عوام چھٹی کا دودھ یاد دلائے گا ،عوام کا سمندر پی ڈی ایم سے بھی آگے ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے ہاف ملین کرونا ویکیسین آرڈر کی ،میری اطلاع میں وزراء کرونا ویکیسین لگا کر گھوم رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ یہ لنگر خانے میں جاکر تصاویر بنا کر سمجھتے ہیں کام پورا ہوگیا،نیب ہو تو صرف ہمارے لیے ہے ،پکڑ دھکڑ تو صرف پی ڈی ایم کی۔ بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا ۔